12 جون 2015 - 12:12

عراق کے صدر فواد معصوم نے داعش کے خلاف جنگ میں ایران کی مدد پر شکریہ ادا کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدر فواد معصوم نے العراقیہ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عراق میں داعش کےخلاف ایران کے کردار اور ایرانی فوجی ماہرین کی موجودگی کے بارے میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران شروع ہی سے عراق کی مدد کرتا چلا آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراقی قوم داعش کےخلاف ایران کی مدد ہرگز نہیں بھلائے گی۔ عراق کے صدر نے کہا کہ عراق میں ایرانی فوجی ماہرین کی موجودگی دیگر ملکوں کے فوجی ماہرین کی طرح فطری امر ہے۔ انہوں نے ایران و عراق کے دوستانہ تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات عراق کے مفادات کے مطابق ہیں۔ صدر فواد معصوم نے کہا کہ داعش کا مقابلہ کرنے کےلئے مسلح افواج، عوامی رضا کاروں اور کرد پیشمرگہ فورسز نیز بین الاقوامی اتحاد کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رضا کار فورس نے بہت سے علاقوں کا دفاع کرنے میں نہایت اہم اور بنیادی کردار ادا کیا ہے اور اگر یہ فورس نہ ہوتی تو داعش گروہ مزید علاقوں پر قابض ہوجاتا۔ عراقی صدر نےکہا کہ قومی مصالحت عراق کی بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام وطن پرست دھڑوں کی جانب امن و دوستی کا ہاتھ بڑھایاجائے۔ صدر فواد معصوم نے عراقی حکومت پر زور دیا کہ وہ ان تمام دھڑوں سے جو دہشتگردی میں ملوث نہیں ہیں گفتگو کرے تاکہ انہیں قومی دھارے میں لایا جاسکے-انہوں نے کہا کہ داعش کے خلاف جنگ کے لئے عراقیوں کی مشترکہ فوج کی تشکیل قومی یکجہتی کی عملی شکل ہے اور سیاس میدان میں بھی ایسے اتحاد کا مظاہرہ کیا جانا ضروری  ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲